سندھ حکومت نے صوبے بھر میں ہفتے کے سات روز شاپنگ مالز کھلے رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق سندھ میں شاپنگ مالز پورے ہفتے کھلے رہیں گے۔ نوٹی فیکیشن جمعہ 22 جنوری کے روز جاری کیا گیا۔
جاری اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دکان داروں اور شاپنگ مالز ایسوسی ایشن اس موقع پر کرونا وائرس کے ایس او پیز کا خاص خیال رکھیں۔
ایسے شاپنگ مالز جو کرونا ہاٹ اسپاٹ والے علاقوں میں قائم ہیں، وہ بند رہیں گے۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں بڑھتے کرونا وائرس کے کیسز اور کرونا کی دوسری لہر کے باعث صوبائی حکومت کی جانب سے ہفتہ اور اتوار کو شاپنگ مالز بند رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔