مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان سات برس سے فارن فنڈنگ کیس کو خفیہ رکھنے کی درخواستیں دیتے رہے۔ اب ان کو اوپن سماعت یاد آگئی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز وزیرستان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ تحریک انصاف کے خلاف الیکشن کمیشن میں دائر فارن فنڈنگ کیس کی اوپن سماعت کیلئے تیار ہیں۔
تحریک انصاف 2014 سے اب تک ہائی کورٹ سے لیکر سپریم کورٹ تک میں اس کیس کی کارروائی خفیہ رکھنے اور اس پر کارروائی روکنے کیلئے متعدد درخواستیں دائر کرچکی ہے مگر اعلیٰ عدلیہ نے کارروائی جاری رکھنے کا فیصلہ دیا۔
مریم نواز نے جمعرات کو ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ ’سات سال سے تم وکیل تبدیل کر رہے ہو، سات سال سے اپیل کر رہے ہو کہ الیکشن کمیشن کو اکاؤنٹس دیکھنے سے روکا جائے۔ اب اوپن سماعت کی یاد آئی ہے ۔‘
مریم نواز نے کہا کہ ’سات سال سے پارٹی کا بانی رکن دہائی دے رہا ہے مگر تم کاغذات پیش نہیں کر رہے۔ سات سال سے تم درخواستیں دے رہے ہو کہ کارروائی خفیہ رکھی جائے۔ سات سال سے تم تاخیری ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہو۔‘
انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے اوپن سماعت کی بیان پر کہا کہ ’تھوڑا صبر کرو، اب تو بہت کچھ اوپن ہونے کو ہے۔‘