بلوچستان کے شہر اوتھل کے قریب مسافر کوچ پھسلن کے باعث ليويز چيک پوسٹ سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی جس کے نتیجے میں 2لیویز اہلکار سمیت 8افراد جاں بحق ہوگئے۔
حادثے میں 22 افراد زخمی ہوئے جس میں سے 6 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
مسافر کوچ پنجگور سے کراچی آ رہی تھی کہ قومی شاہراہ پر اوتھل کے قریب ليويز چيک پوسٹ پر ليويز اہلکاروں نے چيکنگ کے لیے روکا لیکن بریک لگانے پر بس پھسل گئی۔
عينی شاہدين کے مطابق ڈرائيور نے بريک مارا تو بس پھسل گئی اور قریب ہی واقع لیویز چیک پوسٹ سے ٹکرا گئی۔ چيک پوسٹ ميں ڈيوٹی پر تعينات 2 ليويز اہلکار بھی جاں بحق ہوگئے۔
واقع میں جاں بحق افراد کی میتوں اور زخمیوں کو سول اسپتال بیلہ منتقل کر دیا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں کی شناخت کا عمل مکمل ہونے کے بعد میتیں ورثا کے حوالے کی جائیں گی۔