وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہا ہے کہ پاکستان کو مارچ تک عالمی ادارہ صحت کے کوویکس پروگرام کے تحت کرونا وائرس کی ویکسین کی فراہمی شروع ہوجائے گی۔
انڈیپینڈنٹ اردو سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر صحت پنجاب ڈٓکٹر یاسمین راشد نے بتایا کہ عالمی ادارہ صحت کے کوویکس پروگرام کے تحت مارچ 2021ء تک پاکستان کی 20 فیصد آبادی کیلئے کرونا وائرس کی ویکسین کی فراہمی شروع ہوجائے گی، تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ ویکسین کس ملک اور کمپنی کی ہوگی۔
یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ کوویکس ڈبلیو ایچ او کا پروگرام جس کے تحت ترقی پذیر ممالک کو ان کی 20 فیصد آبادی کیلئے مفت ویکسین دی جائے گی اور پاکستان بھی ان ممالک میں شامل ہے۔
وزیر صحت پنجاب نے مزید کہا کہ پہلی سہ ماہی میں ویکسین کی فراہمی سے ہم ملک کی عمر رسیدہ آبادی اور ہائی رسک افراد کو ویکسین لگاسکتے ہیں، حکومت کی مختلف کمپنیوں سے بات چیت چل رہی ہے اور ہم کوشش کریں گے کہ کہ کوویکس کے ساتھ ساتھ حکومت بھی اسی سال ویکسین مہیا کرے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت ویکسین کے حصول میں کامیاب ہوگئی تو تقریباً پوری آبادی محفوظ ہوسکتی ہے کیونکہ ہماری 60 فیصد آبادی جوان ہے اور کرونا ان پر اتنی برح طرح اثر انداز نہیں ہوتا۔
پاکستان نے آج (پیر کو) چین کی سائنو فارم ویکسین درآمد کرنے کی بھی اجازت دیدی، اس سے قبل برطانیہ کی ایسترا زینکا ویکسین کی امپورٹ کی بھی اجازت دی جاچکی ہے۔
اس سے قبل وزیر صحت سندھ عذرا فضل پیچوہو نے ایک بیان میں کہا تھا کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین پرائیویٹ سیکٹر منگوا رہا ہے، عوام کو اس کیلئے قیمت ادا کرنے پڑے گی۔