پی ٹی آئی نے ملک دشمنوں سے فنڈز لئے، احسن اقبال
پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی ممنوعہ فنڈنگ کی تحقیقات کیلئے الیکشن کمیشن کی اسکرونٹی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں دونوں جماعتوں کی جانب سے تفصیلات جمع کرادی گئيں۔ لطیف کھوسہ نے پيپلزپارٹی کو کلین چیٹ ملنے کا دعویٰ کيا جبکہ احسن اقبال کہتے ہيں پاکستان تحریک انصاف نے ملک دشمنوں سے فنڈز لئے۔ پی ٹی آئی کے فرخ حبيب نے بھی جواب دے ديا۔
پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ احتجاج سے ایک دن پہلے الیکشن کمیشن کے باہر سیاسی میلہ لگ گیا، ممنوعہ پارٹی فنڈنگ سے متعلق پاکستان تحریک انصاف رہنماء فرخ حبیب کی درخواست پر الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
جس میں ن لیگ کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال پارٹی ڈونرز اور دیگر تفصیلات جمع کرانے کے بعد حکمران جماعت پر برس پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی چوری پکڑی جاچکی ہے، اپنے کیس سے بچنے کیلئے ن لیگ کیخلاف درخواست دی، پی ٹی آئی نے بیرون ملک پاکستانیوں اور ملک دشمنوں سے فنڈز لئے۔
پیپلز پارٹی نے مزید ریکارڈ جمع کرانے کیلئے مہلت مانگ لی، ساتھ ہی کلین چٹ ملنے کا دعویٰ بھی کردیا۔ لطیف کھوسی کا کہنا ہے کہ اسکروٹنی کمیٹی نے پیپلز پارٹی کا کیس بند کردیا، یہ کیس میڈیا ٹرائل کیلئے لٹکایا گیا، کل الیکشن کمیشن کو جھنجھوڑیں گے۔