جنوبی وزیر ستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے اہم جنگجو نورستان عرف حسن بابا کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے طیارزہ میں سیکیورٹی فورسز نے بڑا آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تحریک طالبان کے اہم جنگجو نورستان عرف حسن بابا کو ہلاک کردیا۔
ترجمان کے مطابق آپریشن خفیہ اطلاعات پر کیا گیا۔ ہلاک دہشت گرد سال 2007سے سیکورٹی فوسز کے 50 سے زائد اہلکاروں کو شہید کرنے میں ملوث رہا تھا۔ انتہائی مطلوب دہشت گرد آئی ای ڈی کا ماہر بھی تھا۔
دہشت گرد نورستان نے ٹی ٹی پی بیت اللہ محسود میں سال 2007 میں شمولیت اختیار کی۔ نورستان نے درجنوں دہشت گردی کی وارداتیں کیں، جب کہ کئی خودکش حملوں کا ماسٹر مائنڈ بھی تھا۔
پاک فوج کے مطابق ہلاک جنگجو نے سال 2009 میں شکئی کیمپ پر راکٹوں سے حملہ کیا۔ حملے میں فورسز کے 7 جوان شہید ہوئے تھے۔ سال 2009 میں ہی دہشت گرد کے بارودی سرنگ کے حملے میں 5 فوجی جوان شہید ہوئے تھے۔
کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے اسے سال 2016 میں خیسور کا جنگجو مقرر کیا گیا تھا۔