شاہدخاقان عباسی نے پریزائیڈنگ افسران کے غائب ہونے پرسوال اٹھادیا
نون ليگ نے ڈسکہ الیکشن میں مبینہ دھاندلی کی سماعت عوام اور کیمروں کے سامنے کرنے کا مطالبہ کرديا۔ شاہد خاقان عباسی نے 20 پریزائیڈنگ افسران کے غائب ہونے پر بھی سوال اٹھا دیا۔
حکومت کی طرح ن لیگ بھی ڈسکہ الیکشن جیتنے کی دعویدار ہے، این اے 75 کے ضمنی انتخاب میں مبینہ دھاندلی کیخلاف مسلم لیگ ن کے رہنماء الیکشن کمیشن بھی پہنچ گئے۔
شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو میں بڑا مطالبہ بھی کردیا، کہتے ہیں کہ این اے 75 میں ڈاکہ ڈالا گیا، الیکشن کمیشن خود کہہ رہا ہے کہ اس الیکشن میں دھاندلی ہوئی، مسلم لیگ ن کی فتح کو شکست میں تبدیل کرنے کی بھونڈی سازش کی گئی، اس لئے ہم کہتے ہیں کہ جو ہیئرنگ ہو وہ عوام کے سامنے ہو، ٹی وی کیمروں کے سامنے ہو۔
ڈسکہ سے لیگی امیدوار نوشین افتخار بھی الیکشن کمیشن سے نتائج کی طلبگار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ای سی پی ہمیں انصاف دے۔