وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کو کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگ گئی۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کو ہیلتھ ورکرز میں شامل ہونے پر کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین دی گئی۔
اپنے ٹویٹرپیغام میں انہوں نے بتایا کہ میں نے آج (پیرکو) چینی ویکسین سائنوفارم کی پہلی ڈوز لگوالی ہے اور میں بہتر محسوس کررہا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ ہیلتھ ورکر ہیں (60 سال سے کم عمر) ہیں تو برائے مہربانی خود کو ویکسین لگوائیں۔
پاکستان میں کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی باضابطہ مہم کا آغاز 3 فروری کو کیا گیا تھا۔ چین کی جانب سے عطیہ کی گئی کووڈ 19 ویکسین یکم فروری کو اسلام آباد پہنچی تھی۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کے مطابق پاکستان کے صف اول کے ہیلتھ ورکرز، جو 60 سال سے کم عمر کے ہیں، کو تاحال سائنوفارم ویکسین دی جارہی ہے۔ ساٹھ سال سے زائد عمر کے افراد کو آسٹرازینیکا ویکسین دی جائے گی۔
انہوں نے کہا ہے کہ اگر آپ 60 سال سے زائد عمر کے ہیلتھ کیئر ورکر ہیں تو اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر 116 پر ایس ایم ایس کریں، آپ کو آسٹرازینیکا ویکسین مارچ کے اوائل میں لگائی جائے گی۔