پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ نواز نے سینیٹ انتخابات کیلئے اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا۔ سلیم مانڈوی والا، شیری رحمان، تاج حیدر، فاروق ایچ نائیک، پلوشہ خان، مشاہد اللہ خان، پرویز رشید، ساجد میر اور بیرسٹر سعدیہ خاقان عباسی بھی امیدواروں میں شامل ہیں۔
پاکستان میں سینیٹ کی نصف نشستوں پر انتخابات کیلئے 3 مارچ کو اسمبلیوں میں ووٹنگ ہوگی، پاکستان تحریک انصاف اپنے نامزد امیدواروں کی فہرست جاری کرچکی ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے سینیٹ انتخابات 2021ء کیلئے نامزد امیدواروں میں سندھ سے جام مہتاب ڈہر، تاج حیدر، سلیم مانڈوی والا، شیری رحمان، شہادت اعوان، ٹیکنو کریٹ کی نشستوں پر معروف وکیل فاروق ایچ نائیک، شہادت اعوان، ڈاکٹر کریم خواجہ جبکہ خواتین کی نشستوں پر پلوشہ خان، خیر النساء مغل اور رخسانہ شاہ (کورنگ امیدوار) شامل ہیں۔
پیپلزپارٹی کی جانب سے پنجاب کی جنرل نشست پر عظیم الحق منہاس، خیبرپختونخوا کیلئے پی ڈی ایم کے اشتراک سے فرحت اللہ بابر اور اسلام آباد سے پی ڈی ایم کے اشتراک سے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی امیدوار ہوں گے۔
مسلم لیگ ن نے بھی سینیٹ انتخابات کیلئے اپنے امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے، جنرل سیٹس پر پرویز رشید، مشاہد اللہ خان، ساجد میر، ٹیکنوکریٹ کی سیٹ پر اعظم نذیر تارڑ کو پارٹی ٹکٹ دیا گیا ہے جبکہ خواتین کی نشست پر بیرسٹر سعدیہ خاقان عباسی لیگی امیدوار ہوں گی۔
مسلم لیگ نواز نے اپنے پارٹی چیئرمین اور سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر راجہ ظفر الحق کو نظر انداز کردیا۔ مسلم لیگ ن کے خیبرپختونخوا سے امیدوار کیلئے مقامی تنظیم فیصلہ کرے گی۔