سری لنکن مسلمانوں نے وزیراعظم عمران خان سے ان کیلئے آواز اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ رواں ماہ کے آخر میں اپنے دورے کے دوران ہمارے تحفظات سے متعلق سری لنکن حکام سے بات کریں۔
سری لنکن مسلم کونسل کے صدر این ایم امین نے عرب نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے دورے پر سری لنکا آمد پر پاکستانی وزیراعظم عمران خان کو خوش آمدید کہیں گے۔ امین کا کہنا تھا کہ عمران خان اہم عہدے پر فائز ہیں، جہاں وہ سری لنکن مسلمانوں کیلئے آواز اٹھا سکتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کا 2 روزہ دورہ سری لنکا 23 فروری کو متوقع ہے، وہ سری لنکن صدر، وزیراعظم، وزیر داخلہ سے ملاقات کریں گے جبکہ سری لنک پارلیمنٹ سے بھی خطاب کریں گے۔
بدھسٹ اکثریتی ملک سری لنکا میں مارچ 2020ء میں کرونا وائرس سے مرنے والوں کو جلانا لازمی قرار دیا گیا تھا۔ اس قواعد سے دنیا بھر کے مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے جبکہ عیسائی بھی اس فیصلے پر نالاں ہیں جو اپنے مُردوں کی تدفین کرتے ہیں۔
تازہ اطلاعات کے مطابق سری لنکن وزیراعظم مہندرا راجا پکسے نے یقین دہانی کرائی ہے کہ حکومت مسلمانوں کو تدفین کی اجازت دیدے گی۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹر پیغام میں سری لنکن وزیراعظم کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔