الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے لیے اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں کے لیے ریٹرننگ افسران مقرر کر دیے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق سینیٹ انتخابات کے لیے پولنگ قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی جس کے لیے ریٹرننگ افسران اور پولنگ افسران کی تقرری کر دی گئی۔
اسلام آباد میں اسپیشل سیکریٹری ظفر اقبال ریٹرننگ افسر ہوں گے جبکہ شمشاد خان، شاہد اقبال، آصف علی یاسین و دیگر اسلام آباد کے پولنگ افسران مقرر کیے گئے۔
اس کے علاوہ صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان سندھ، صوبائی الیکشن کمشنر غلام اسرار خان پنجاب، صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللہ خیبر پختونخوا اور صوبائی الیکشن کمشنر محمد رازق بلوچستان کے ریٹرننگ افسر مقرر کیے گئے۔
سینٹ انتخابات: جمعیت علماء اسلام نے صدارتی آرڈیننس چیلنج کردیا
الیکشن کمیشن سینیٹ انتخابات کا شیڈول 11 فروری کو جاری کرے گا۔
واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہفتہ 6 فروری کو سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے کے لیے صدارتی آرڈیننس پر دستخط کیے تھے۔
صدارتی آرڈیننس میں الیکشن ایکٹ 2017ء کی شق 122 میں ترمیم کی گئی ہے جبکہ آرڈیننس کو آئین کی شق 186 کے تحت سپریم کورٹ کی رائے سے مشروط کیا گیا ہے۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) نے سینیٹ انتخابات سے متعلق صدارتی آرڈیننس 2021 کو عدالت عظمیٰ میں چیلنج کر دیا ہے۔