چاروں مقتولین دوست تھے
کراچی کے علاقے گارڈن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ٹک ٹاکر خاتون سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ گارڈن کے علاقے میں انکل سریا اسپتال کے قریب پیش آیا، واقعے میں 4 افراد کو گولیاں لگیں، جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم خاتون سمیت تمام افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق خاتون کی شناخت مسکان اور مردوں کی صدام حسین، ریحان شاہ اور عامر خان کے ناموں سے ہوئی ہے۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ خاتون ٹک ٹاک پر ویڈیوز بنایا کرتی تھی، حملے سے قبل بھی خاتون نے ٹک ٹاک پر ویڈیو پوسٹ کی تھی، جس میں دونوں مقتولین کو دیکھا جاسکتا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق حملہ آوروں نے اسپتال کے باہر تمام افراد کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ پولیس کو دیئے گئے بیان کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ حملہ آور موٹر سائیکل اور رکشہ میں سوار تھے۔