لوئر دیر میں پاک افغان سرحد کے قریب سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 3 دہشت گرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ تخریب کار قبائلی عمائدین کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق پاک افغان سرحد سے متصل علاقے لوئر دیر میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، ملزمان 2019ء میں سوات میں ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں عابد، یوسف خان اور عبدالستار شامل ہیں، عابد اور یوسف کا تعلق سوات جبکہ عبدالستار مردان کا رہائشی تھا، ملزمان کے قبضے سے بھاری اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشت گرد تخریب کاری کا منصوبہ بنارہے تھے، ان کا نشانہ اہم قبائلی عمائدین تھے۔