وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ استعفے دینے کی کھوکھلی دھمکی بھی آشکار ہوگئی۔ اپوزیشن کی حسرتیں اور سازشیں بھی اب دم توڑ چکی ہیں۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی31 جنوری کی ڈیڈ لائن گزر گئی، مگر استعفے نہیں آئے۔
سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ قوم کو پتا چل گیا کہ ان کا ایجنڈا ذاتی مفاد اور حوس اقتدار ہے۔ عوام نے اپوزیشن کے ہرقول و فعل کو مسترد کر کے منتخب جمہوری حکومت کا ساتھ دیا ہے۔
واضح رہے کہ حکومت مخالفت اتحاد پی ایم ڈی کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد اور 31 جنوری سے قبل اپوزیشن نے استعفے دینے کا اعلان کیا تھا۔
ن لیگ سمیت دیگر اتحادیوں کے رہنماؤں نے متعدد بار اس بات کا دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے اپنے ہاتھ سے لکھے گئے استعفے جمع کرادیئے ہیں، جسے 31 جنوری سے قبل پیش کیا جائے گا اور عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو کامیاب بنایا جائے گا۔