پاکستان نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کی روم تھام کیلئے بیرون ممالک سے آنیوالے مسافروں کیلئے نیا ہدایت نامہ جاری کردیا، 6 ممالک کے شہریوں کی بغیر این او سی پاکستان داخلے پر پابندی لگادی۔
سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ سی اے اے نے مزید 4 ممالک کو کیٹیگری سی میں شامل کردیا، جس کے بعد ان ممالک کی تعداد 6 ہوگئی، جنوبی افریقا، برطانیہ، برازیل، آئرلینڈ، پرتگال اور نیدر لینڈز کے شہری بغیر این او سی کے پاکستان میں داخل نہیں ہوسکیں گے۔
سی اے اے کے مطابق پاکستان نے کیٹیگری بی اور سی میں شامل ممالک کے مسافروں کا پی سی آر ٹیسٹ کا دورانیہ 96 گھنٹے سے گھٹا کر 72 گھنٹے کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ کیٹیگری اے ممالک کے مسافروں کیلئے کرونا ٹیسٹ لازمی قرار نہیں دیا گیا، کیٹیگری بی ممالک کے مسافروں کیلئے 72 گھنٹے قبل کی ٹیسٹ رپورٹس ضروری ہیں۔