کراچی ميں پسند کی شادی کرنیوالے جوڑے نے تحفظ کے حصول کیلئے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا جس پر عدالت نے پولیس کو میاں بیوی کو تحفظ کی فراہمی کا حکم دے دیا۔
درخواست گزار عاصم اور ان کی اہلیہ ميمونہ کے خاندان رحيم يار خان ميں رہتے ہيں۔ عاصم نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ دونوں میاں بیوی کے علاوہ اس کے اپنے اہلخانہ کو بھی بیوی کے گھر والوں سے خطرہ ہے لہٰذا انہیں تحفظ فراہم کیا جائے۔
عاصم کا کہنا تھا کہ ان دونوں نے پسند کی شادی کی ہے اور رحیم یار خان میں ان کے اہلخانہ کیخلاف مقدمات درج کرائے جا رہے ہیں۔
ميمونہ کا بھی یہ کہنا تھا کہ ان کے والد اور والد کے دوست دھمکياں دے رہے ہيں اور انہیں قتل کرنا چاہتے ہیں۔ خاتون کا مزید کہنا تھا کہ ان کے سسرال والوں کو بھی دھمکياں مل رہی ہیں۔
عدالت نے فريقين کو نوٹس جاری کرنے کے علاوہ ايس پی کورنگی اور متعلقہ ایس ایچ او کو جوڑے کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم بھی دیا۔