پاکستان ریلویز کی آن لائن ٹکٹنگ سروس تیسرے روز بھی بحال نہیں ہوسکی البتہ ملک بھر کے ریزرویشن دفاتر دوبارہ کھول دیے گئے ہیں۔
ریلوے کے ایک افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ آن لائن ٹکٹنگ سروس کی بحالی کا کام جاری ہے جبکہ تکنیکی خرابی دور کرنے میں مزید ایک سے دو روز لگ سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ٹکٹ کی بکنگ کے لیے ریزرویشن دفاتر دوبارہ کھول دیے گئے جہاں سے عوام ٹکٹ بآسانی حاصل کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ آئی ٹی سرور میں فنی خرابی کے باعث ٹکٹس کی آن لائن بکنگ 26 جنوری سے معطل ہے جبکہ ریزرویشن دفاتر میں جا کر ٹکٹ کا حصول ممکن ہے۔
ریلوے افسر نے اس بات کا اعتراف کیا کہ 2 روز قبل ریلوے کے آئی ٹی سروس میں خرابی سے ملک بھر میں ٹکٹس کی بکنگ کا روایتی اور آن لائن عمل رک گیا تھا۔
آئی ٹی سرور میں فنی خراب کے بعد ٹرین کی آن لائن ٹکٹس کے حصول کے لیے استعمال ہونے والی ریلوے کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ دونوں متاثر ہیں۔
پاکستان ریلویز کی جانب سے ٹکٹس کی آن لائن سروس کا آغاز مسلم لیگ ن کی گزشتہ دور حکومت میں ہوا تھا۔ سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے سروس کا افتتاح کیا تھا۔