ملتان کی تحصیل شجاع آباد میں موٹروے پر ٹریفک حادثے میں خاتون اور بچے سمیت 3 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔
ٹریفک حادثہ شجاع آباد میں بستی داد انٹرچینج کے قریب موٹر وے پر پیش آیا۔
ریسکیو کے مطابق مسافر بس سے بچاتے ہوئے گاڑی تیز رفتاری کے باعث ڈیوائڈر سے ٹکرا کر الٹ گئی۔ حادثے میں خاتون اور 10 سالہ بچے سمیت 3 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ خاتون اور بچے سمیت 3 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت اورنگزیب، فائزہ اور 10 سالہ شاہ ذین کے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں مہتاب بی بی، 2 سالہ ہانیہ اور فواد شامل ہیں۔ تمام افراد کو ریسکیو ٹیم نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے سول اسپتال منتقل کیا۔
گاڑی میں سوار ایک ہی خاندان کے تمام افراد کا تعلق کراچی سے ہے اور ملتان جاتے ہوئے راستے میں ٹریفک حادثہ پیش آیا۔