راولپنڈی ميں کے ایف سی اور فوڈ پانڈا کے درمیان ہونے والے جھگڑے پر دوسری ایف آئی آر درج کر لی گئی۔
مدعی مقدمہ ہوٹل منیجر ارسلان نے پولیس کو ایک نامزد ملزم عبدالدائم سمیت 20 نامعلوم افراد کیخلاف نئی درخواست جمع کروا دی۔ تمام ملزمان کی جلد گرفتاری کی اپیل بھی کی گئی۔
تھانہ روات ميں گزشتہ روز درج کی گئی ایف آئی آر میں 30 سے 40 ملزمان شامل تھے۔
کے ایف سی اسٹاف اور فوڈپانڈا رائیڈرز کے مابین جھگڑا
ہوٹل منجیر کی جانب سے مؤقف اپنايا گيا کہ ايک ڈليوری بوائے آيا جس کا ہمارے پاس آرڈر ہی نہيں تھا۔ بتانے پر ملزم گالياں ديتا ہوا چلا گيا اور تھوڑی دير بعد دوستوں کيساتھ واپس آکر پھر گيٹ پر گالم گلوچ شروع کر دی۔
منیجر کا کہنا ہے کہ وہ باہر نکلا تو رائيڈر نے ساتھيوں کے ہمراہ ڈنڈوں کيساتھ حملہ کرديا۔ عملے نے مشکل سے جان بچائی ليکن تھوڑی دير بعد 30 سے 40 ملزمان نے پھر ريسٹورنٹ پر ہلہ بول ديا۔
واضح رہے کہ 21 اور 22 جنوری کی درميانی شب بحریہ ٹاؤن راولپنڈی کے فیز 7 میں واقع کے ایف سی کے عملہ اور فوڈ پانڈا کے رائیڈرز کے مابین جھگڑا ہوا۔ واقعے کا کوئی بھی ملزم تاحال گرفتار نہيں ہوسکا۔