یمن کی سرکاری فوج اور حوثی باغیوں کے درمیان شدید جھڑپوں میں 90 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یمن کے شہر مارب میں سرکاری فوج اور حوثی باغیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی اور دونوں طرف سے بھاری جانی نقصان ہوا۔
رپورٹس میں سرکاری فوج کے ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مارب سٹی میں حوثی باغیوں اور سرکاری افواج اور ان کے حمایت یافتہ قبائلیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جھڑپوں میں 90 افراد مارے گئے ہیں، جن میں 58 حوثی باغی، جبکہ 32 یمنی سرکاری فوجی اور حکومتی حمایت یافتہ قبائلی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یمن میں جاری تازہ جھڑپوں میں بڑی تعداد میں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ یمن میں خانہ جنگی کا آغاز 2014ء میں اس وقت ہوا جب حوثی باغیوں نے دارالحکومت صنعاء پر قبضہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران حوثی باغیوں کی جانب سے بھیجے گئے 8 مسلح ڈرون طیارے گرا چکا ہے۔