ایران کے وزیر اطلاعات محمود علوی نے مغربی ممالک کو متنبہ کیا ہے کہ اگر پابندیاں نہ اٹھائی گئیں تو ایران جوہری ہتھیاروں کی تیاری پر مجبور ہوجائے گا جس کی ذمہ داری مغربی دنیا پر ہوگی۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق محمود علوی نے کہا کہ ہمارا جوہری پروگرام پرامن مقاصد کے لیے ہے اور ایران کے سپریم لیڈر کا فتویٰ بھی ہے کہ جوہری ہتھیار تیار کرنا حرام ہے لیکن ایران کو مجبور کیا گیا تو پھر اس کے پاس جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے سوا اور کوئی راستہ نہیں بچے گا۔
قبل ازیں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکا پر زور دیا تھا کہ وہ ایران پر لگائی گئی تمام اقتصادی پابندیاں اٹھا لے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکا ایران سے سن 2015 کے معاہدے کی شرائط پرعمل درآمد چاہتا ہے تو اسے ایران پر پر سے اقتصادی پابندیاں اٹھانی ہوں گی۔
گزشتہ برس دسمبر میں ایرانی پارلیمنٹ نے جوہری سائنسدان محسن فخری زادہ کے قتل کے بعد عالمی جوہری معائنہ کاروں کے ملک میں داخلے پرپابندی کا بل منظور کیا تھا۔