گلوکارہ میشا شفیع نے پی ایس ایل سیزن 6 کے ترانےکو دھاندلی زدہ نظام کیخلاف فتح قراردیا ہے۔
انسٹااسٹوریزمیں میشا نے ”گُروو میرا” کا دفاع کرتے ہوئے لکھا کہ یہ صرف موسیقی کی جیت نہیں بلکہ ایک ‘دھاندلی زدہ نظام’ پربھی فتح ہے جو صرف چند فنکاروں کے حق میں ہے۔
ترانے پرکی جانے والی تنقید کے تناظرمیں میشا نے لکھا کہ پاکستان میوزک انڈسٹری صرف چند فنکاروں کی حمایت کرتی ہےاور یہ شرمناک ہے کہ ہم نصیبو لعل جیسے لیجنڈری ٹیلنٹ کی صلاحیتوں سے انکار کرتے ہیں۔
میشا نے میوزک کمپوزر زلفی اورنتاشا نورانی سمیت گُروو میرا تیار کرنے والی پوری ٹیم کی صلاحیتوں کو سراہا۔
اس سے قبل اداکارہ مہوش حیات نے بھی گُروو میرا کوبولڈ اینڈ فریش قراردیا تھا۔
پی ایس ایل 6 کا ترانہ ” گُروومیرا” اپنی ریلیز کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر بھرپور توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہا جس کی وجہ اس پر ہونے والی تنقید کےعلاوہ بڑی تعداد میں پسندیدگی بھی بنی۔
چھ فروری کو جاری کیے جانے والے سیزن 6 کے آفیشل ترانے کو نصیبولعل ، آئمہ بیگ اور ینگ اسٹنرز (طلحہ انجم اور طلحہ یونس) نے گایا ہے۔