بھارت میں حکومت کی جانب سے ایس او پیز کے تحت سنیما ہالز کو 100 فیصد گنجائش کے ساتھ آج سے کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
بھارتی اطلاعات و نشریات کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ یکم فروری سے پورے ملک کے سنیما ہال کرونا سے متعلق تمام رہنما ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے سو فیصد گنجائش کے ساتھ کھلیں گے، سنیما ہال اور تھیئٹروں کے لئے کرونا کے پھیلاو کو روکنے کے اقدامات پر معیاری آپریٹنگ طریقہ کار(ایس پی او) بھی جاری کیا گیا ۔
ایس او پیز کے تحت سنیما ہالز میں فلم بینوں کے درمیان کم از کم 6 فٹ کا فاصلہ برقرار رکھنا لازمی ہوگا جبکہ صفائی ستھرائی اور کرونا پروٹوکول پر عمل کرنا ہوگا تاہم لوگ سنیما ہال اور تھیئٹروں کے اندر دکانوں سے کھانے کا سامان خرید سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال کرونا وائرس کے باعث بھارت میں لاک ڈاؤن کے آغاز میں ہی سنیما ہالز کو مکمل بند کردیا گیا تھا جس کے بعد سے فلم انڈسٹری کو مالی مشکلات کا سامنا تھا۔