فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) نے سگریٹس، سیمنٹ، چینی اور کھاد کی غیر قانونی فروخت کیخلاف پلان تیار کیا ہے۔ ایف بی آر حکام کے مطابق ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم پر عمل درآمد سے آپریشن کا آغاز کیا جائے گا۔
ٹیکس کی مہر کے بغیر چاروں مصنوعات فروخت نہیں کی جا سکیں گی، جب کہ پیکٹ یا بوری پر بغیر ٹیکس مہر اشیاء فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔ بغیر مہر سگریٹس، چینی، سیمنٹ اور کھاد کی فروخت غیر قانونی تصور ہوگی اور ایسی تمام مصنوعات ضبط کر لی جائیں گی۔
ایف بی آر کا مزید کہنا تھا کہ مینوفیکچرز بھی ایسی مصنوعات فروخت نہیں کرسکیں گے۔ ایسے اقدامات سے حکومت ٹیکس چوری روکنا، سگریٹس کی انڈر رپورٹنگ اور سیلز پر قابو پا سکے گی۔
نئے نظام کے تحت ڈیوٹیز اور ٹیکسز کی ادائیگی کو یقینی بنایا جائے گا، جس پر کام شروع کردیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اگلے چند ماہ میں ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم پوری طرح نافذ کرکے کریک ڈاون شروع ہوگا۔